دفعہ 144 کی خلاف وزری کا کیس: رہنما پی ٹی آئی اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم

23  اپریل‬‮  2024

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم خان سواتی کے خلاف دفعہ 144 کے تحت درج مقدمہ میں ضمانت کنفرم کردی۔

ایڈیشنل جج اویس محمد خان نیازی نے کیس کی سماعت کی، اعظم خان سواتی عدالت میں پیش ہوئے۔

اعظم سواتی کے وکیل علی بخاری کی جانب سے عدالت میں دلائل دئیے گئے، علی بخار کا کہنا تھا کہ اس کیس میں اعظم سواتی گرفتار ہوئے اور اگلے ہی روز ضمانت ہوگئی۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ بعدازاں عدم پیشی پر اعظم سواتی کی ضمانت خارج کرکے اشتہاری قرار دے دیا، مؤقف اپنایا کہ اس کیس میں تمام دفعات قابل ضمانت ہیں۔

علی بخاری ایڈووکیٹ نے دوران دلائل سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلوں کے حوالے دیئے، علی بخاری کا مزید کہنا تھا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مدعی متعلقہ افسر بن سکتا ہے، اس کیس میں پولیس افسر کو مدعی بنایا گیا ہے۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد 5 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم کردی۔

واضح رہے کہ ضمانتیں کنفرم یا ضمانت میں توثیق کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس کیس میں اب مستقل بنیادوں پر ان کی ضمانت ہو چکی ہے اور انہیں اب اس کیس میں گرفتار نہیں کیا جاسکتا، تاہم پراسیکیوشن اس فیصلے کو چیلنج کر سکتی ہے، جس کے بعد عدالت چاہے تو ضمانت مسترد کرسکتی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved