شہباز شریف اور محمد بن سلمان کی ملاقات میں کیا بات ہوئی ؟

29  اپریل‬‮  2024

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی ہے۔

اس حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی، ملاقات میں وزیراعظم نے عالمی اقتصادی فورم اجلاس کے کامیاب انعقاد پر انہیں مبارکباد دی۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع پر رمضان المبارک میں مکہ مکرمہ کی حالیہ ملاقات کا ذکر کیا، سعودی وزیرخارجہ کی قیادت میں وفد پاکستان بھیجنے پر بھی ان شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ سعودی وفد نے پاکستانی ہم منصبوں سے مل کر سرمایہ کاری پر تبادلہ خیال کیا،اپنے ساتھ اعلیٰ اختیاراتی وفد کو ریاض ساتھ لایا ہوں۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد میں سرمایہ کاری کے ذمہ دار اہم وزرا بھی شامل ہیں، وفد کو اس لیے ساتھ لایا ہوں تاکہ فالو اپ میٹنگز ہوسکیں۔

انہوں نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد محمد بن سلمان کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔

قبل ازیں سعودی عرب میں وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائنز پر صدر اسلامی ترقیاتی بینک ڈاکٹرمحمد سلیمان الجاسر نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران اسلامی ترقیاتی بینک کے پاکستان میں جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے اپنے سابقہ دور حکومت میں اسلامی ترقیاتی بینک کی جانب سے مختلف منصوبوں میں ایک ارب امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری پر اسلامی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا ۔

شہباز شریف نے پاکستان کی سیلاب کے بعد بحالی میں اسلامی ترقیاتی بینک کی معاونت کو سراہا اور اس حوالے سے ڈاکٹر الجاسر کے ذاتی تعاون اور قائدانہ کردار کو تسلیم کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved