جنگ بندی ہو یا نہ ہو، رفح پر حملہ کریں گے، نیتن یاہو کی ڈھٹائی

30  اپریل‬‮  2024

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دھمکی دی ہے کہ حماس کے ساتھ جنگ بندی کا معاہدہ طے ہوجانے کے باوجود اپنے اہداف کے حصول کے لیے رفح پر حملہ کریں گے۔  

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اپنے تمام مقاصد حاصل کیے بغیر جنگ کو راستے میں روک دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم پر مسلط کی گئی جنگ کو ادھورا نہیں چھوڑیں گے، اگرایسا کیا تو دوبارہ اسرائیل پر حملے ہونے کا امکان زندہ رہے گا۔

بیان میں جنگ بندی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا گیا کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے باوجود رفح میں فوجی آپریشن کریں گے۔  یہ جنگی اہداف کے حصول کے لیے بے حد ضروری ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن مشرق وسطیٰ کے اہم دورے پر سعودی عرب کے بعد اردن پہنچے ہیں اور دورے کے اختتام پر اسرائیل بھی جائیں گے۔

یاد رہے کہ امریکا اور دیگر مغربی ممالک اسرائیلی وزیراعظم سے رفح میں لاکھوں پناہ گزینوں کی زندگیوں کی حفاظت کو یقینی بنائے بغیر کسی بھی فوجی آپریشن سے باز رہنے پر زور دیتے آئے ہیں۔

تاہم اسرائیل کا مؤقف ہے کہ رفح میں حماس کے کئی ایسے کمانڈرز پناہ گزینوں کے بھیس میں موجود ہیں جنھوں نے 7 اکتوبر کو اسرائیل پر حملے میں حصہ لیا یا اس کی منصوبہ بندی کی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved