طالبان کے اقتدار کے بعد افغان لڑکیوں میں خودکشی کی شرح میں اضافہ ہوگیا، اقوام متحدہ رپورٹ

1  مئی‬‮  2024

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل (یو این ایچ آر سی) نے افغانستان میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر  رپورٹ جاری کردی۔

رپورٹ کے مطابق طالبان کی جانب سے افغان عوام کوشدید جسمانی، ذہنی اور جنسی استحصال کا سامنا ہے، طالبان کے قبضے کے بعد انسانی قوانین کی خلاف ورزیوں میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ افغانستان نیشنل سکیورٹی فورسز کے 800 سابق اہلکاروں کو قتل کیا جاچکا ہے جبکہ طالبان رجیم میں ہزارہ کمیونٹی کے 334 افراد ہلاک اور 631 زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق جنوری 2022 سےجولائی 2023 کےدوران افغانستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے 1600 سے زائد واقعات ریکارڈ کیے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نومبر 2022 اور اپریل 2023 کے درمیان افغانستان میں اقوام متحدہ نے جسمانی سزاؤں کے 43 سے زائد واقعات رپورٹ کیے، طالبان رجیم میں 58 خواتین اور 274 مردوں و بچوں کو مختلف جرائم میں کوڑے مارے گئے۔

اگست 2021 سے اب تک میڈیا کی آزادی کی خلاف ورزیوں کے 245 مقدمات درج کیے گئے جن میں حراست اور جسمانی تشدد کے 130 مقدمات اور 61 صحافیوں کی گرفتاریاں شامل ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ طالبان کی کابینہ فرقہ واریت کو فروغ دیتے ہوئے محض مرد ارکان پر مشتمل ہے، طالبان نے الیکشن کمیشن، پارلیمانی امور اور امن کی وزارت کو تحلیل کردیا۔

رپورٹ کے مطابق طالبان کی جانب سے نابالغ اور کمسن بچیوں کو جبری شادی کے لیے مجبور کیا جا رہا ہے اور طالبان کے اقتدار کے بعد سے صحت کا نظام بھی تباہ ہو گیا ہے جبکہ افغان لڑکیوں میں خودکشی کی شرح میں سنگین حد تک اضافہ ہوا ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 2021  سے 2022 کے درمیان چائلڈ لیبر کے 4 ہزار 519  واقعات رپورٹ ہوئے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved