روس نے مسلم خواتین کو شہریت کی درخواست میں باحجاب تصویر کی اجازت دے دی

2  مئی‬‮  2024

روس نے اپنے قوانین میں نرمی کرتے ہوئے شہریت کی درخواست دینے والی غیر ملکی خواتین کو دستاویزات کے لیے حجاب والی تصاویر جمع کرانے کی اجازت دے دی۔

روسی میڈیا کے مطابق روسی وزارت داخلہ  کی جانب سے جاری بیان  کے مطابق نئے قانون کا اطلاق 5 مئی سے ہوگا جس کے تحت شہریت کی درخواست دینے والی خواتین حجاب کے ساتھ اپنی تصاویر ضروری دستاویزات کے ساتھ جمع کراسکیں گی۔

 روسی وزارت داخلہ کا کہنا ہےکہ اگر کسی درخواست گزار (خاتون) کے مذہبی عقائد اسے اجنبیوں کے سامنے سر ڈھانپے بغیر آنے سے روکتے ہوں تو وہ اپنی اسکارف  والی تصاویر جمع کراسکتی ہے۔

بیان میں وضاحت کی گئی ہے کہ درخواست کے ساتھ فراہم کی گئی تصاویر  میں چہرہ چھپا ہوا نہیں ہونا چاہیے اور  ایسی تصاویر جن میں درخواست گزار کی ٹھوڑی مکمل یا جزوی ڈھکی ہوئی ہو  وہ  تصاویر بھی ناقابل قبول ہوں گی۔

خیال رہےکہ روسی خواتین کو پہلے ہی سرکاری دستاویزات جیسے پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور  ورک پرمٹ  وغیرہ کے لیے حجاب والی تصاویر استعمال کرنےکی اجازت ہے۔

روسی حکام کا کہنا ہےکہ  نئے قوانین درخواست گزاروں کو اپنے مذہبی عقائد پر عمل کرنےکی اجازت دینےکے ساتھ ریاست کی سکیورٹی کو بھی یقینی بنائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق سوویت دور میں تمام پاسپورٹ تصاویر حجاب کے بغیر جمع کرانےکی پابندی تھی تاہم سوویت یونین کی تحلیل کے بعد مسلم خواتین نے پاسپورٹ تصاویر میں حجاب کا استعمال شروع کردیا۔ 1997 میں روسی حکومت نے سرکاری دستاویزات کے لیے حجاب والی تصاویر پر پابندی لگادی، 2003 میں روسی سپریم کورٹ نے اس پابندی کو غیر قانونی قرار دیا۔ 2021 میں بنائے گئے قانون کے تحت مسلم خواتین کو ایک بار پھر  پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات میں حجاب والی تصاویر جمع کرنےکی ہدایت کردی۔

روسی صدر ولادیمیر  پیوٹن کا کہنا ہے کہ روس قومی اور مذہبی تنوع کا حامل ملک ہے جو ہر ایک کے ساتھ احترام کا برتاؤ کرتا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved