وزیر اعظم سے بلاول کی ملاقات، پنجاب، خیبرپختونخوا گورنرز کی تبدیلی پر اتفاق

4  مئی‬‮  2024

وزیر اعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی اس موقع پر پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے نئے گورنرز لگانے جبکہ گورنر سندھ کو برقرار رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کیلئے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تو وزیر اعظم نے ان کا استقبال کیا، دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی، اس موقع پر سندھ کے سیاسی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، شہباز شریف نے پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ایک بار پھر حکومت کا حصہ بننے کی پیشکش بھی کی۔

ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے گورنرز کی تقرری پر بھی مشاورت کی، سابق وزیر خارجہ کی جانب سے سردار سلیم کو گورنر پنجاب، فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا تعینات کرنے کی تجویز دی گئی جس پر وزیر اعظم نے اتفاق کر لیا، جعفر مندوخیل کو گورنر بلوچستان بنانے اور کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیر اعظم نے سردار سلیم اور فیصل کریم کنڈی کے نام جلد ایڈوائس کے ساتھ صدر کو بھجوانے کی یقین دہانی کروائی، صدر کی جانب سے منظوری کے بعد فیصل کریم کنڈی کی حلف برداری کی تقریب آج ہونے کا امکان ہے، قبل ازیں بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدارت ہونے والے پیپلز پارٹی کے اجلاس میں گورنر پنجاب اور کے پی کے ناموں پر مشاورت کے بعد منظوری دی گئی تھی۔واضح رہے کہ گورنر پنجاب کیلئے نامزد سردار سلیم حیدر کا تعلق اٹک کی تحصیل فتح جنگ سے ہے اور وہ پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر بھی ہیں، یوسف رضا گیلانی کی حکومت میں وزیر بھی رہے، فیصل کریم کنڈی کو 2008ء میں قومی اسمبلی کا ڈپٹی سپیکر بنایا گیا تھا، اب پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پر ذمہ داری انجام دے رہے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved