اداکارہ نے دعویٰ کیا ہے کہ میں سلمان خان سے شادی کیلئے امریکہ سے ممبئی آئی، لیکن وہ شادی کرنے سے مکر گئے۔
پاکستانی نژاد امریکی اداکارہ سومی علی نے حال ہی میں فری پریس جنرل کو دئیے گئے انٹرویو میں کہا ہے کہ فلم میں نے پیار کیا دیکھ کر وہ سلمان خان کی محبت میں گرفتار ہوگئیں تھیں۔ سومی علی کا کہنا تھا کہ جب میں سلمان خان کے ساتھ نیپال جارہی تھی تو پہلی بار میں نے ان سے محبت کا اظہار کیا تھا، جس پر انہوں نے کہا کہ وہ کسی اور سے محبت کرتے ہیں۔ مزید بتایا کہ جب میں 17 برس کی ہوئی تو سلمان خان نے خود مجھے پرپوز کیا، اس کے بعد ہم 8 سال تک ایک دوسرے سے رابطے میں رہے، سومی نے کہا کہ میں ان سے شادی کیلئے امریکہ سے ممبئی بھی آ گئی تھی، لیکن سلمان خان نے پھر شادی سے انکار کر دیا۔ سومی علی کا کہنا تھا کہ سلمان خان نے 8 سال کے تعلق کے بعد انہیں دھوکا دیا، ہمارا بریک اپ ہوا، جس کے بعد میں بھارت چھوڑ کر واپس امریکہ چلی گئی تھی۔
واضح رہے کہ 1991ء سے 1999ء کے دوران سلمان خان اور سومی علی کے درمیان دوستی اور محبت کی افواہیں زیر گردش تھیں اور یہ بھی کہا جاتا تھا کہ دونوں جلد ہی ایک دوسرے کو قبول کرلیں گے، لیکن ایسا نہ ہوا اور سومی علی ممبئی چھوڑ کر امریکہ چلی گئی تھیں، اور اس وقت انہوں نے بھارت چھوڑنے کی وجہ بھی نہیں بتائی تھی۔
یاد رہے کہ کراچی میں پیدا ہونے والی سومی علی نے اپنے کیرئیر میں سیف علی خان، گووندا، سنجے دت، متھن چکرورتی، سنیل شیٹھی جیسے نامور اداکاروں کے ساتھ کام کیا، اور کرشن اوتار، غدار ، انت اور بلند جیسی مشہور فلمیں کیں۔ پھر اچانک وہ بالی وڈ سے غائب ہو کر امریکہ چلی گئی تھیں اور ایک فلاحی تنظیم میں کام کرنا شروع کر دیا تھا۔