حکومت نے دنیا کی سب سے بڑی سولر مینوفیچکرنگ کمپنی کو پاکستان میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی پیشکش کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چین کے سرکاری دورے پر ہیں ان کے ہمراہ وزرا اور کاروباری شخصیات کا ایک وفد بھی موجود ہے۔
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے چین میں دنیا کی سب سے بڑی سولر مینوفیکچرنگ کمپنی لونجی گرین انرجی ٹیکنالوجی کے صدر ژن گولی سے ملاقات کی۔
ملاقات کے بعد سرکاری اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر نے پاکستان کی سولر توانائی کی استعداد پر بریفنگ دی اور کمپنی کو بتایا کہ پاکستان تیزی سے انرجی مکس میں قابل تجدید توانائی کا تناسب بڑھا رہا ہے۔
اویس لغاری نے بتایا کہ چینی کمپنی کے صدر نے پاکستان میں شمسی توانائی کے فروغ کے لیے تعاون کی یقین دہانی کرائی جب کہ ہم نے چینی کمپنی کو پاکستان میں سولر مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی پیشکش کی ہے۔