بانی پی ٹی آئی کی آڈیو سپریم کورٹ سے لیک نہیں ہوئی، چیف جسٹس

14  جون‬‮  2024

چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دوران سماعت لیک ہونے والی مبینہ آڈیو کے حوالے سے واضح کیا ہے کہ عمران خان کی آڈیو سپریم کورٹ سے لیک نہیں ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کی تقریب میں چیف جسٹس نے صدر میاں عقیل افضل، جنرل سیکریٹری عمران وسیم، نائب صدر غلام نبی یوسفزئی، فنانس سیکریٹری راجہ بشارت جبکہ ارکان اکرام اللہ جوئیہ، آسیہ کوثر اور میاں عابد نثار نے بھی حلف لیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی رپورٹنگ بہت مشکل کام ہے، بعض اوقات عدالتی رپورٹنگ میں ایسا ایسا ماضی کا پس منظر بیان کیا جاتا ہے جو ہم بھول چکے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بھی بہت سال پہلے لکھا کرتا تھا، میری والدہ سیدہ قاضی عیسیٰ بھی آرٹیکل لکھتی رہی ہیں، اس زمانے میں بہت تحقیق کے بعد لکھا جاتا تھا لیکن آج کل کا زمانہ بہت آسان ہو گیا ہے، اس دور میں بات کہنا اور لکھنا آسان ہو گیا ہے، فون اٹھاؤ اور جو کہنا ہے کہہ دو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اچھا لکھنے کے لیے پڑھنا بھی ضروری ہے اور ایک کتاب کے مطابق اچھی تحریر کے لیے ٹھنڈی آنکھ اور کھلا دل ہونا چاہیے، میں نے سب سے پہلے میڈیا قوانین مرتب کر کے اسے کتاب کی شکل میں شائع کیا۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ نے ذوالفقار علی بھٹو کیس کے فیصلے میں 627 پیرا گراف لکھے اور سپریم کورٹ نے بھٹو کیس میں 963 پیرا گراف لکھے، فوجداری مقدمات میں اتنا طویل فیصلہ شاید اور کوئی موجود نہ ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو کیس کا فیصلہ ہو چکا ہے، اس لیے اس پر اب رائے دی جا سکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے انکوائری کروائی ہے جس میں پتا چلا کہ سپریم کورٹ سے بانی پی ٹی آئی کی آڈیو لیک نہیں ہوئی، آئی ٹی اسٹاف نے بتایا کہ آڈیو کے اندر آنے والی کچھ آوازیں عدالت سے نہیں ہو سکتیں۔

تقریب سے جسٹس اطہر من اللہ نے بھی خطاب کیا اور آڈیو لیک کے معاملے کو غیر اہم قرار دے دیا۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اگر آڈیو لیک ہوئی تو اس میں برائی کیا ہے؟ یہ ایک کھلی سماعت میں ہوئی گفتگو تھی۔

تقریب میں جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس نعیم اختر افغان اور اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان بھی شریک تھے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران ججز اور عمران خان کے درمیان مکالموں پر مبنی ایک مبینہ آڈیو پاکستان تحریک انصاف نے جاری کی تھی جس میں بانی پی ٹی آئی کو نیب ترامیم کے حوالے سے بات کرتے سنا جا سکتا ہے۔

اس سماعت میں بانی پی ٹی آئی وڈیو لنک کے ذریعے شریک تھے اور مبینہ آڈیو میں انہوں نے کیس سے قطع نظر ججز کو مشورہ دیا کہ چیئرمین نیب سپریم کورٹ کو لگانا چاہیے جس پر ججز نے انہیں تاکید کی کہ وہ اپنے دلائل کیس تک محدود رکھیں۔

اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کی عدالت میں سماعت کے دوران کی ایک تصویر بھی لیک ہوئی تھی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved