پاکستان میں اسلام اور فوج کو گالی دینے والے کو صہیونی طاقتیں باہر ہاتھوں ہاتھ لیتی ہیں، حنیف عباسی

26  جون‬‮  2024

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما حنیف عباسی نے کہا ہے کہ جب بھی ملک ترقی کی جانب قدم اٹھانا شروع کرتا ہے تو صہیونی طاقتیں پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے ملک میں موجود اپنے سہولت کاروں کی خدمات حاصل کرتے ہیں اور ان کے ذریعے ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ حال ہی میں امریکن کانگریس میں پاس کرائی گئی ایک قرارداد پر بات کرنا چاہتا ہوں جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں جو الیکشن ہوئے ہیں، اس حوالے سے تحقیقات کی جائیں، میں اس کے پس منظر میں جانا چاہوں گا، میں کسی ملک اور پارلیمنٹ کے خلاف بات کرنے نہیں آیا لیکن کچھ چیزیں آپ کے گوش گزار کرنا چاہتا ہوں۔

کہ جب بھی ملک ترقی کی جانب قدم اٹھانا شروع کرتا ہے، اس کے معاشی اشاریے مثبت ہونا شروع ہوتے ہیں تو صہیونی طاقتیں پاکستان میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے ملک میں موجود اپنے سہولت کاروں کی خدمات حاصل کرتے ہیں اور ان کے ذریعے ملک میں انارکی پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں جس چیز کی طرف اشارہ کرتا ہوں کہ پاکستان 25 کروڑ آبادی کا ملک ہے، اس میں 8 فروری کو شفاف، پرامن الیکشن کرانا بہت بڑی جیت ہے، لیکن اس قرارداد کے پیچھے کون ہے، جو کرکٹ میچ کے دوران جہاز اڑائے گئے، اس کے پیچھے کون ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس میں لابنگ کے لیے ہر ملک، ہر پارٹی اور ہر سازشی ٹولہ لاکھوں ڈالرز خرچ کیے جاتے ہیں، جب ہم آئی ایم ایف کے پاس جار ہے تھے تو وہاں احتجاج کس نے کیے، اس کے حکام سے ملاقاتیں کرکے کہا گیا کہ پاکستان کو فنڈز نہ دیے جائیں۔

حنیف عباسی نے کہا کہ قراردار کے پیچھے یہ بات بھی شامل ہے کہ اس کے پچھے جاوید برکی ہیں جو بانی پی ٹی آئی کے کزن ہیں، اس کے علاوہ شہباز گل اور ایک پاکستانی نژاد احمدی شخص ڈاکٹر آصف ہیں، انہوں نے لاکھوں ڈالرز خرچ کیے، پہلی مرتبہ نومبر 2023 میں قرارداد لائی گئی، پھر فارن افیئرز کمیٹی میں بھیجی گئی، اس کا پیچھا کیا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کہا کہ اب دنیا کے اندر عالمی بینک پاکستان کو بڑے منصوبوں کے لیے فنڈز کی منظوری دے چکے ہیں، معاشی صورتحال پر نظر رکھنے والے ادارے اس کی بہتری کے اشارے دے رہے ہیں تو جنہیں یہ چیزیں ہضم نہیں ہو رہیں، وہ اربوں ڈالرز خرچ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن گولڈ اسمتھ آپ کو یاد ہوگا، اس کے تانے بانے بانی پی ٹی آئی سے ملتے ہیں جس نے پاکستانی نژاد صادق خان کے خلاف میئر لندن کے عہدے کے لیے گولڈ اسمتھ کی حمایت کی، مرحوم صحافی ارشد شریف نے اسرائیل اور بھارت کی پی ٹی آئی کو موصول ہونے والی فنڈنگ کا ذکر کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے اس لابنگ کے لیے لاکھوں ڈالرز خرچ کیے، کیا اس نے کبھی کشمیر کے لیے کوئی لابنگ کی، کیا انہوں نے غزہ کے لیے کوئی فنڈنگ کی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دوست ممالک سعودی عرب، چین، قطر اور کویت کو ناراض کیا تو جب ڈونلڈ لو کی بات آئی تو اس پر الزام لگایا، سائفر لہرایا گیا کہ امریکا نے سازش تیار کی، آج اس امریکا کی غلامی کو اختیار کرلیا گیا ہے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ ممالک کے درمیان تعلقات بہت نازک ہوتے ہیں، اس میں غیر ذمے دارانہ بیانات دینا اور ان پر کھڑے رہنا، یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے، یہ بندہ یہ سازش صرف آج نہیں کر رہا، میرے برسوں پرانے بیانات نکالیں، میں تواتر کے ساتھ کہہ رہا ہوں کہ ان کو جو فنڈنگ ہو رہی ہے، پاکستان ایک ایٹمی قوت، خطے کا اہم ملک ہے، اس کی مسلح افواج کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ایٹمی طاقت آپ سے مانگی جائے گی، نہیں دیں گے تو چھینی جائے گی، اس کے لیے اس کی حفاظت کرنے والے ہیں، ان کو کمزور کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے دل کی تسلی اور تسکین کے لیے نہیں، اقتدار حاصل کرنے کے لیے، ہمیں اقتدار چاہیے خواہ اس کے تعصب اور زبان کا نعرہ لگادیں، فرقہ واریت کا نعرہ لگادیں، حکومت اور اداروں نے ملک کر ملک کو ترقی کی جانب گامزن کردیا ہے، بجٹ میں اہم اقدامات کیے گئے ہیں جو ملک کو ترقی کی جانب گامزن کریں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ جو لابنگ فرم حاصل کی گئی ہے، اس میں جتنے لوگ شامل ہیں، وہ پاکستان دشمن ہیں، ملک میں جو اسلام اور فوج کو گالی دیتا ہے تو اس کو صہیونی طاقتیں باہر ہاتھوں ہاتھ لیتی ہیں لیکن ملک کی سالمیت عزیز ہونی چاہیے، اس کے لیے ہمیں اس پروپیگنڈے کی زد میں نہیں آنا، ہم ان کی سازش کا حصہ نہ بنیں جو پاکستان کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جب ہم جیل میں تھے تو ہم اپنے بچوں، رشتے داروں اور چھوٹے موٹے کاروبار کے لیے ہم شاید ٹرپتے تھے، ٹھیک ہے ہم نے اظہار نہیں کیا، اللہ نے ہمیں ہمت دی، لیکن جو شخص اندر بیٹھا ہے، اس کا کوئی لینا دینا نہیں ہے، یہ کہتا ہے کہ اگر میرا اقتدار نہیں ہے تو پاکستان پر بم گرادیں، اگر دوبارہ گرفتار کریں گے تو ہم جی ایچ کیو پر حملہ آور ہوں گے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی نے خیرپختونخوا میں حکومت بنالی ہے، اس کے اراکین اسمبلیوں میں موجود ہیں، جب انہوں نے جمہوری عمل کو تسلیم کرلیا ہے تو پھر کیوں، کس کے کہنے پر پیٹ میں درد ہو رہا ہے کہ آپ نے پاکستان کی بنیادوں کو ہلانا ہے، اپنی ذات کو نہیں، ملک کو مقدم رکھیں، یہ ملک ہے تو ہم ہیں، ہم کسی صورت یہ جو صہیونی سازش ہے اس کو پورا نہیں ہونے دیں گے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved