پنجاب اسمبلی میں امریکی ایوان نمائندگان کی قرارداد کے خلاف مذمتی قرارداد منظور

29  جون‬‮  2024

 پنجاب اسمبلی میں ایوان نمائندگان میں کانگریس کی جانب سے پاکستان کے حوالے سے منظوری کی گئی قرارداد کے خلاف مذمتی قرار داد منظور کر لی گئی اور کہا کہ یہ پاکستان میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

حکمران جماعت مسلم لیگ(ن) کے رکن صوبائی اسمبلی احسن رضا خان نے امریکی ایوان نمائندگان میں کی منظورہ شدہ قرارداد کی مذمت میں قرارداد پنجاب اسمبلی میں پیش کی۔

پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والی قرارداد میں کہا گیا کہ امریکی قرارداد پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے اور پاکستان میں ہیجانی کیفیت پیدا کرنے کی کوشش ہے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان کے عام انتخابات کو اس قرارداد کے ذریعے متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، عام انتخابات میں فرقہ واریت، دھمکیوں، تشدد اور کارروائیاں روکنے کےلیے اقدامات کیے گئے جسے متنازع بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔

حکومت پنجاب نے قرارداد کے ذریعے واضح کیا کہ پاکستان کے تمام  ادارے آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتے ہیں، پاکستان  جمہوری اقدار کا پاسدار ہے جبکہ پاکستان میں انسانی حقوق کی پامالی کو ایوان نمائندگان کی قرارداد میں غلط انداز میں پیش کیاگیا۔

انہوں نے کہا کہ امریکی قرارداد ایک سازش کا حصہ ہے جو ملکی عدم استحکام کو فروغ دینے کے لیے مخصوص لابی کی طرف سے لائی گئی۔

صوبائی اسمبلی سے منظور ہونے والی قرارداد میں بتایا گیا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتیں جمہوریت کے حوالے سے شعور رکھتی ہیں، امریکی کانگریس کو دوسروں کے امور میں مداخلت کے بجائے فلسطین اور کشمیر کے مسئلے کی حمایت کرنی چاہیے۔

مزید کہا گیا کہ امریکی کانگریس کی قرارداد پاکستان اور امریکا کے دو طرفہ تعلقات کی عکاس نہیں ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved