سعودی عرب نے پاکستانی سیاحوں کیلئے ویزا شرائط آسان کردیں

3  جولائی  2024

سعودی عرب نے پاکستانی سیاحوں کے لیے وزٹ ویزا کی شرائط میں نرمی کردی ہے۔

سعودی عرب کی جانب سے جاری نئی شرائط کے تحت اب پاکستانی سیاح سعودی وزٹ ویزا کے حصول کے لیے 750 امریکی ڈالر ماہانہ کریڈٹ یا اس کے مساوی رقم پر مشتمل بینک اسٹیٹمنٹ جمع کراسکتے ہیں۔

گزشتہ سال سعودی عرب کا دورہ کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 43 فیصد اضافہ ہوا تھا اور 2024 میں 27 لاکھ پاکستانی سیاحوں کی سعودی عرب آمد متوقع ہے۔

سیاحوں کی  بڑھتی ہوئی تعداد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور ملتان میں تشیر دفاتر قائم کیے گئے ہیں جہاں سعودی عرب کا دورہ کرنے کے خواہش مند افراد کو ویزا کے حصول کے حوالے مختلف خدمات فراہم کی جاتی ہیں، طویل انتظار سے بچنے کے لیے مسافر اپنے دورے سے پہلے تشیر کی ویب سائٹ پر اپائنٹمنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔

سعودی عرب نے پاکستانیوں کے لیے ٹرانزیٹ ویزا بھی متعارف کرایا ہے جو مخصوص ائیرلائنز کے ذریعے سعودی عرب آنے والے مسافروں کے لیے دستیاب ہے، اس ویزا کے ذریعے سیاح 96گھنٹے تک سعودی عرب کا دورہ کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ اُن مسافروں کے لیے  آن ارائیول ویزا دستیاب ہے جن کے پاس برطانیہ، امریکا یا شینگن ویزا ہو۔

سعودی عرب نے گزشتہ سال پاکستانی مسافروں کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا بھی متعارف کرایا ہے، اس ویزے کے تحت مسافر ایک سال کی مدّت میں سعودی عرب کے متعدد  دورے کرسکتے  ہیں اور عمرہ بھی کرسکتے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved