پیکا ایکٹ کے تحت کیس: احمد وقاص جنجوعہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

1  اگست‬‮  2024

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پیکا ایکٹ کے تحت کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام میں پیکا ایکٹ کے تحت پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات روف حسن اور انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت ہوئی۔

درخواست ضمانت بعد از گرفتاری پر سماعت ڈیوٹی مجسٹریٹ عباس شاہ نے کی، احمد وقاص جنجوعہ کو 2 دن کے جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈیوٹی مجسٹریٹ عباس شاہ کے روبرو پیش کردیا گیا۔

یاد رہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے پیکا ایکٹ کے تحت کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کیا گیا تھا۔

دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر عامر شیخ اور تفتیشی افسر نجف عدالت کے سامنے پیش ہوئے، ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے احمد وقاص جنجوعہ کا 8 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔

ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ ابھی تک پیشرفت نہیں ہوسکی، ملزم نے تعاون نہیں کیا، مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے۔

وکیل ہادی علی چٹھہ نے احمد وقاص جنجوعہ کے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی تک دونوں کیسز میں احمد وقاص کے خلاف کوئی شواہد نہیں ملے۔

ہادی علی چٹھہ نے عدالت کو بتایا کہ سی ٹی ڈی کے کیس میں جوڈیشل ہونے کے بعد ایف آئی اے کے کیس میں گرفتاری ڈال دی گئی، اس کیس میں مرکزی ملزم جوڈیشل ہوچکا ہے، احمد وقاص کا کسی سے رابطہ ثابت نہیں ہوا، ایف آئی آر میں سیکشن 9، 10 اور 11 لگائی گئی مگر وہ احمد وقاص پر لاگو ہوتے ہی نہیں۔

عدالت نے احمد وقاص جنجوعہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹرنیشنل میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کی ضمانت بعد ازگرفتاری کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کیے تھے۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگری عدالت نے پاکستان تحریک انصاف احمد وقاص جنجوعہ کے خلاف اسلحہ بارود برآمدگی کیس میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا تھا۔

اس سے قبل 22 جولائی کو اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا کوآرڈینیٹر احمد وقاص جنجوعہ کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved