بنگلادیش میں جاری مظاہرے امریکا تک پہنچ گئے۔
نیویارک میں مظاہرین نے بنگلا دیشی قونصلیٹ پر دھاوا بولا اور بانی بنگلادیش شیخ مجیب الرحمان کا پورٹریٹ اتاردیا۔
قونصلیٹ کا عملہ مظاہرین کو روکنےکی ناکام کوشش کرتا رہا، مظاہرین قونصل جنرل محمدنجم الہدیٰ سے بھی بحث کرتے رہے۔
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دیکھا گیا کہ بنگلا دیشی قونصل جنرل بھی مشتعل مظاہرین کے سامنے بے بس ہوگئے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز طلبہ کے احتجاج پر حسینہ واجد اقتدار چھوڑ کر فوجی ہیلی کاپٹر میں بھارت فرار ہوگئی تھیں جس کےبعد آرمی چیف نے عبوری حکومت بنانے کا اعلان کیا تھا۔
گزشتہ روز کے صدارتی احکامات پر اپوزیشن لیڈر خالدہ ضيا کو آج جیل سے رہاکردیا گيا تاہم بنگلادیش میں نظام زندگی مفلوج ہے۔
بنگلادیش میں ایک ماہ سے جاری مظاہروں میں 300 سے زائد افراد کی ہلاکت ہوئی جب کہ گزشتہ روز شیخ حسینہ واجد کے استعفیٰ دینے کے بعد عوامی لیگ کے رہنماؤں کے گھروں پر مشتعل مظاہرین نے حملے بھی کیے۔
اس کے علاوہ شیخ حسینہ واجد کے استعفے اور بھارت جانے کے بعد مظاہرین ان کی سرکاری رہائش گاہ میں گھس گئے جہاں مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور سامان بھی اٹھا کر لے گئے۔