بنگلادیش: ڈاکٹر محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت نے حلف اٹھا لیا

8  اگست‬‮  2024

بنگلا دیش میں نوبیل انعام یافتہ پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت نے حلف اٹھا لیا۔

حلف برداری کی تقریب بنگلا دیش کے ایوانِ صدر میں منعقد ہوئی جہاں ڈاکٹر یونس سے بنگلا دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے حلف لیا۔

رپورٹس کے مطابق طلبہ رہنما ناہید اسلام اور آصف محمود بھی 17 رکنی عبوری حکومت میں شامل ہیں۔

 واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد کے استعفے اور پارلیمنٹ کی تحلیل کے بعد نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کو بنگلادیش کی عبوری حکومت کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

جمعرات کو ڈاکٹر محمد یونس کے پیرس سے وطن واپس پہنچنے پر جذباتی مناظر دیکھے گئے اور میڈیا سے گفتگو میں یونس کی آواز بھر گئی۔

ڈاکٹر محمد یونس نے کہا کہ طلبہ نے ملک کو بچالیا،آزادی کا تحفظ اور امن واستحکام کے لیے کام کرنا ہے، ساتھ کھڑے نوجوانوں کی آنکھیں بھی نم ہوگئیں۔

خیال رہے کہ عبوری حکومت کی سربراہی کے لیے پروفیسر محمد یونس کا نام طلبہ تحریک کے رہنماؤں کی جانب سے دیا گیا تھا۔

دوسری جانب بھارت فرار ہونے والی مستعفیٰ وزیراعظم حسینہ واجد کے مستقل قیام کا فیصلہ نہ ہوسکا۔

بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیئم جے شنکر نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوٖڈ لیمی سے بنگلا دیش کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا، بھارت کا کہنا ہے حسینہ واجد اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved