اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو نے اعتراف کیا ہے کہ اسرائیل سے حماس کی عسکری صلاحیت کا اندازہ لگانے میں غلطی ہوئی۔
امریکی میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ کا مقصد حماس کی انتظامی اور عسکری صلاحیتوں کو مکمل طور پر تباہ کرنا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ایسی فتح چاہتے ہیں کہ آئندہ حماس حکومتی انتظام سنبھالنے کے قابل ہو اور نہ اسرائیل کے لیےخطرہ بنے، غزہ جنگ کا مستقبل قریب میں خاتمے کا کوئی امکان نہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل موجودہ جنگ کے خاتمے کے بعد غزہ پٹی کا انتظام سنبھالنا چاہتا ہے۔
نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل خطے میں حماس سمیت ایران کے تمام اتحادیوں سے جنگ لڑرہا ہے، علاقائی جنگ چھڑنےکے انتہائی سنگین نتائج برآمد ہوں گے تاہم ہم لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل کے پرامن مستقبل اور سلامتی کی خاطر بطور وزیراعظم کام کرتا رہوں گا۔
نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ غزہ جنگ کے خاتمے کے بعد 7 اکتوبر 2023 کے واقعات کی تحقیقات کے لیے آزاد کمیشن تشکیل دیا جائے گا، مجھ سمیت تمام ذمہ داران کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے پابند ہوں گے۔