پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین کے رکن قومی اسمبلی نوید قمر نے کہا ہے کہ کل احاطہ پارلیمنٹ سے ہونے والی گرفتاریاں آئین اور پارلیمنٹ پر حملہ ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے نوید قمر کا کہنا تھا کہ کل جو ہوا، اس حوالے سے جو الزامات سامنے آ رہے ہیں، یہ پورے آئین، پوری پارلیمنٹ پر بہت سنجیدہ حملہ ہے
انہوں نے کہا کہ اسپیکر صاحب اگر پارلیمنٹ آ کر کسی کو گرفتار کر لیا جائے تو باقی کیا بچتا ہے، یہی کہ وہ آئیں اور آپ کو بھی گرفتار کر لیں؟
اس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ کل پارلیمنٹ میں جو ہوا، اس پر ایکشن لیں گے۔
ایاز صادق نے کہا کہ قانون اور آئین کی پاسداری ہونی چاہیے، ہمیں گزشتہ روز کے واقعےکو سنجیدہ لینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 2014 میں جب ایک جماعت اور اس کے کزن نے پارلمنٹ پر حملہ کیا تو بد قسمتی سے اس وقت بھی میں اس کرسی پر تھا، 2014 میں پارلیمنٹ پر حملہ ہوا تھا اس کا مقدمہ درج ہوا تھا، جو ہوا اس پر ہم نے ایکشن لینا ہے، اس پر ہم نے خاموش نہیں رہنا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو گزشتہ روز کے واقعے کی بھی ایف آئی آر کٹواؤں گا ان لوگوں کے خلاف جنہوں نے یہ اقدام کیا، اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھنا ہے، کل جو کچھ ہوا اس کی فوٹیجز چاہیے، تاکہ ہم نے جس پر ذمے داری ڈالنی ہے، اس پر ڈالی جا سکے۔