آئینی ترمیم: حکومت نے قانون سازی کو خفیہ رکھ کر پہلے ہی متنازعہ بنا دیا، شبلی فراز

14  ستمبر‬‮  2024

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شبلی فراز نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں باز گشت ہے کہ کوئی آئینی ترامیم لائی جارہی ہیں۔

سینیٹ اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت شروع ہوا، اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی قانون سازی کے لیے ہمیں یہاں بل پکڑا دیے جاتے ہیں، پڑھے بغیر پاس کردیے جاتے، بل بلڈوز کیے جاتے ہیں، متعلقہ کمیٹیوں کو بل نہیں بھیجے جاتے۔

انہوں نے کہا کہ وہ قوانین جو ملک کو چلانے میں مدد دیتے ہیں، یہ ھاؤس کی بنیادی ذمہ داری ہے،یہ آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرنا تو فخر کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ملک کے مفاد میں قانون لا رہے ہیں تو ہمارے ساتھ بھی شیئر کریں، آپ کسی خاص طبقہ کے مفادات کے لیے یہ سب کررہے ہیں،ہیجان برپاہے کہ ملک میں آئینی ترامیم لائی جارہی ہیں۔

شبلی فراز نے کہا کہ حکومت نے قانون سازی کو خفیہ رکھ کر پہلے ہی متنازعہ بنا دیا ہے، بدقسمتی سے پیپلز پارٹی جمہوری اقدار سے پیچھے ہٹ رہی ہے،پیپلز پارٹی بھٹو کے نظریہ سے ہٹ کر مفادات کی سیاست میں چلی گئی۔

سینیٹر شبلی فراز نے مزید بتایا کہ ملک جن حالات سے گذر رہا ہے وہ دردناک کہانی ہے،اس وقت ملک میں تناؤ بے یقینی ہے ایسا کبھی نہیں ہوا،بلوچستان امن و امان کی وجہ سے خراب حالات سے گذر رہا ہے۔

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ دہشتگردی کی وجہ سے خیبرپختونخواہ نے بے تحاشہ قربانیاں دیں،چالیس سال پہلے پرائی جنگ میں دھکیلنے والے پھر خیبرپختونخواہ میں متحرک ہوگئے ہیں،اگر آپ ملک کی بہتری کےلئے قانون سازی کررہے ہیں تو ہمیں بھی دکھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ارکان لوگوں کو توڑنے مروڑنے میں لگے ہوئے ہیں، اگر نمبرز ہوں تو کوئی بھی قانون سازی کرسکتے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ عوام کو بے وقوف مت بنائیں،عوام کے مفاد خوشحالی کے لیے قانون سازی کی جائے،سب سے بڑی جماعت کو دیوار سے لگایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کو برا بھلا کہا گیا جس کی مذمت کرتے ہیں، خیبرپختونخواہ کے لوگ علی امین گنڈا پور کے ساتھ کھڑے ہیں، 10 سال ہوگئے کبھی کسی صحافی نے مجھ سے فائدہ نہیں لیا، جلسہ میں گنڈا پور نے مخصوص صحافیوں سے متعلق بات کی جس پر پوری لیڈر شپ نے معذرت کی ہے اور میں بھی صحافیوں سے معذرت کرتا ہوں۔

شبلی فراز نے کہا کہ وہ آخر میں کہنا چاہتے ہیں کہ کل جو ھاؤس میں ہوا اس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved