ضلع کرم میں دو گاؤں کے درمیان لڑائی میں مزید آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد پانچ روز سے جاری لڑائی میں ہلاکتوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع کرم میں زمین اور مورچوں کی تعمیر پر چھڑنے والی لڑائی پانچویں روز میں داخل ہوگئی، اپر، لوئر اور سینٹرل تینوں تحصیلوں کے چار مقامات پر وقفے وقفے سے شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جس میں فریقین ایک دوسرے کو چھوٹے بڑے اسلحوں سے نشانہ بنا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق کل رات مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جب کہ پانچ روز میں ہلاکتوں کی تعداد 21 تک پہنچ گئی اور تاحال 30 سے زیادہ افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
غیر مصدقہ ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمیوں کی تعداد بتائی گئی تعداد سے کہیں زیادہ ہے۔
اطلاعات کے مطابق سیز فائر کے لیے آج 10 بجے جرگہ منعقد کیا گیا ہے، امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے کمشنر کوہاٹ اور آر پی او بھی پاراچنار پہنچ گئے ہیں۔