گورنر پنجاب کا عمران خان کو آصف زرداری کی قیادت میں بیٹھنے کا مشورہ

1  اکتوبر‬‮  2024

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہٹ دھرمی چھوڑ کر صدر مملکت آصف زرداری کی قیادت میں بیٹھ جائیں تو تمام معاملات بہتر ہوجائیں گے۔

رالپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سابق وزیر اعظم کو یہ مشورہ دیا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ عمران خان صاحب کو بھی اپنی ہٹ دھرمی سے نکلنا پڑے گا اور میں یہ ہی مشورہ دوں گا کہ آصف زرداری صاحب کی قیادت میں بیٹھ جائیں اور چیزیں ساری بہتر ہوجائیں گی۔

قبل ازیں راولپنڈی ویمن یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے قومی معیشت سمیت مختلف شعبوں میں بہتری کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

گورنر پنجاب نے قومی ترقی میں خواتین کے کردار کو مزید بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ یونیورسٹی کی سطح پر تعلیم میں زیادہ تر پوزیشن ہولڈرز ہماری بیٹیاں ہو تی ہیں جو معاشرے میں صنفی مساوات پیدا کرنے کے لیے حوصلہ افزا ہے۔

انہوں نے طالبات پر زور دیا کہ وہ آنے والے دنوں میں ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار ادا کرکے اپنے والدین کو ان کی جدو جہد کا صلہ دیں۔

انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو ملک کے امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششوں میں حصہ ڈالنے کی اجازت دیں اور ان کی حوصلہ افزائی کریں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved