وفاقی حکومت نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) پر پابندی عائد کردی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے پی ٹی ایم پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزارت داخلہ نے پی ٹی ایم پر پابندی کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس پر جلد عمل درآمد کیا جائے گا۔
وزارت داخلہ کے اعلامیے کے مطابق پشتون تحفظ موومنٹ ملک میں امن و سیکیورٹی کے لیے خطرہ ہے، 1997 کے انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 11 بی کے تحت پی ٹی ایم پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔
یہ پہلی بار نہیں جب پی ٹی ایم پر پابندی عائد کی گئی ہو، اس سے قبل بھی پشتون تحفظ موومنٹ کو متعدد بار حکومت کی جانب سے کالعدم جماعت قرار دیا جاچکا ہے۔
رواں سال اگست میں حکومت بلوچستان کی جانب سے 90 دن کے لیے پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین پر صوبے کے تمام اضلاع میں داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔