پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی سازش برداشت نہیں کی جائے گی، وزیراعظم

7  اکتوبر‬‮  2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین تعلقات کو نقصان پہنچانے کی سازش برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ کراچی واقعے کی تحقیقات کی خود نگرانی کروں گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چینی سفیر جیانگ زی ڈانگ سے ملاقات کی۔

انہوں نے سفیر سے کراچی میں چینی قافلے پر دہشت گرد حملے پر افسوس اور چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کی۔

شہباز شریف نے یقین دلایا کہ دہشت گردی کے ذمہ داروں کی جلد از جلد شناخت کے لیے حکومت مکمل متحرک ہے، ذمہ داران کی شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے پاکستان میں چینی باشندوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا اور واضح کیا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی گھناؤنی سازش ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ وہ خود واقعے کی تحقیقات کی نگرانی کریں گے۔

چینی سفیر نے واقعے پر حکومت پاکستان کے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر اظہار تشکر کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز رات گئے کراچی میں انٹرنیشنل ایئر پورٹ سگنل کے قریب آئی ای ڈی دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 2 چینی شہریوں سمیت 3 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے، جبکہ دھماکے سے متعدد گاڑیاں بھی جل کر تباہ ہوگئی تھیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved