پی ٹی آئی کا 15 اکتوبر کو اسلام آباد ڈی چوک پر بھرپور احتجاج کا اعلان

11  اکتوبر‬‮  2024

پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی نے ایک بار پھر 15 اکتوبر پر ڈی چوک پر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے شرکت نہیں کی۔

اجلاس کے بعد سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا، جس کے لیے مرکزی کمیٹی سے لے کر علاقائی سطح تک تمام تنظیمی ذمہ داران اور ونگز کو تیاریوں کی ہدایت کردی گئی ہے۔

تحریک انصاف اعلامیے کے مطابق 15 اکتوبر کو ڈی چوک کے پرامن احتجاج کی تیاریوں کے پیشِ نظر پنجاب کے اضلاع میں ہونے والا احتجاج منسوخ کردیا گیا ہے، جس کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

سیاسی کمیٹی کا کہنا ہے کہ مینڈیٹ چور اور آئین و قانون سے بیزار ناجائز حکمران ظلم اور سفّاکیت ترک کرنے پر کسی طور آمادہ نظر نہیں آرہے، اڈیالہ میں ناحق قید بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو بطورِ خاص بربریت کے نئے سلسلے کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی زندگی، صحت اور سلامتی کو جان بوجھ کر سنگین خطرات سے دوچار کرنے کیلئے ان کے تمام بنیادی و انسانی حقوق سلب کئے گئے ہیں۔

علاوہ ازیں حماد اظہر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی پولیٹکل کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے اگر عمران خان صاحب تک فوری رسائی نہیں دی جاتی تو اسلام آباد میں 15 اکتوبر کو پورا پاکستان پہنچے گا۔
پنجاب میں جاری تمام احتجاج موخر کئے جاتے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved