ڈاکٹرز کی ٹیم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کی ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کی تصدیق

15  اکتوبر‬‮  2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹرز کی ٹیم نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی ہے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر سے واپس چلے گئے اور انہیں سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق شوکت خانم ہسپتال کے سی ای او ڈاکٹر عاصم حسین بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور ان کے طبی معائنے کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔

رپورٹ کے مطابق ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ڈاکٹر عاصم نے سیکیورٹی عملے کو اپنے کوائف نوٹ کروائے اور اس کے بعد بغیر بتائے واپس روانہ ہوگئے اور عمران خان سے ملاقات نہیں کی۔

بعد ازاں ڈان ڈاٹ کام سے بات چیت کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹر، طبی ماہرین اور ایک ای این ٹی اسپیلسٹ کے ساتھ جیل پہنچے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ٹی آئی نے آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہونے والا اپنا احتجاج موخر کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور ڈی چوک احتجاج موخر کرنے کا فیصلہ حکومت کی جانب سے یقین دہانی کے بعد کیا گیا جس کے تحت شوکت خانم ہسپتال کی میڈیکل ٹیم اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کا طبی معائنہ کرے گی۔

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اپنے ایک وڈیو بیان میں کہا تھا کہ وفاقی حکومت نے ہم سے باضابطہ رابطہ کر کے یقین دہانی کروائی ہے، آج صبح ڈاکٹرز کو اڈیالہ جیل بھجوایا جائے گا، وفاقی حکومت کی گارنٹی پر پرامن احتجاج کو مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved