پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل چوہدری نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو اڈیالہ جیل میں سہولیات کی فراہمی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
فیصل چوہدری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو بنیادی سہولتوں سے محروم کرنا جیل مینوئل کی خلاف ورزی ہے، بانی پی ٹی آئی کو مستقل ایک چھوٹے سیل میں رکھا جا رہا ہے اور انہیں ورزش کی سہولت میسر نہیں۔
درخواست کے متن کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ٹیلی ویژن اور اخبار کی سہولت بھی واپس لے لی گئی ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت بانی پی ٹی آئی کے انسانی حقوق کی نگہبان ہے لہٰذا بانی پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق فوری طور پر بحال کئے جائیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست جمع کروائی گئی، یہ درخواست ہماری لیگل ٹیم کی مشاورت کے بغیر جمع کروائی گئی۔
انہوں نے الزام لگایاکہ درخواست ایک پرانے پاور آف اٹارنی کو استعمال کرتے ہوئے جمع کروائی گئی۔
ان کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور سہولیات کیلئے پیر کے روز درخواست دائر ہوگی اور کیس میں پی ٹی آئی لیگل ٹیم کی مشاورت سے ہمارے اپنے وکلا پیش ہونگے۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے بھائی فیصل چوہدری کو لیگل ٹیم سے الگ کردیا، انہیں پی ٹی آئی وکلا کے واٹس ایپ گروپس سے بھی نکال دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے فیصل چوہدری کا کہنا تھاکہ میں بانی پی ٹی آئی کا لیگل ایڈوائزر ہوں، مجھے پارٹی سے نکالنے کی باتوں سے کوئی سروکار نہیں ہے۔