عمران خان نے سلمان اکرم راجا اور فیصل چوہدری کے درمیان صلح کرادی

28  اکتوبر‬‮  2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان نے بیرسٹر سلمان اکرم راجا اور ایڈووکیٹ فیصل چوہدری کے درمیان صلح کرا دی۔

تفصیلات کے مطابق فیصل چوہدری کو دوبارہ بانی پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم میں شامل کرلیا گیا، فیصل چوہدری اور سلمان اکرم راجا کے مابین صلح صفائی کے وقت چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر علی ظفر بھی موجود تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ عمران خان کمرہ عدالت میں دیر تک فیصل چوہدری سے بغل گیر رہے اور سرگوشیاں کرتے رہے، بانی پی ٹی آئی نے فیصل چوہدری کو پارٹی پالیسی کے مطابق چلنے کی ہدایت کردی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان کو جیل میں سہولیات کی فراہمی کے لیے ایڈووکیٹ فیصل حسین چوہدری کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے فیصل چوہدری کی درخواست سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’ انہوں نے یہ درخواست ہماری لیگل ٹیم کی ہدایات کے برعکس عمران خان کا پرانا وکالت نامہ استعمال کرتے ہوئے خود سے دائر کی’۔

تاہم، فیصل چوہدری نے دعویٰ کیا کہ یہ درخواست چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کی رضامندی سے دائر کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ ایک روز قبل فیصل چوہدری کو پی ٹی آئی کی قانونی ٹیم سے باہر کردیا گیا تھا اور پارٹی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے انہیں بانی پی ٹی آئی سے متعلق تمام مقدمات سے بھی علیحدہ کردیا تھا جب کہ انہیں پی ٹی آئی کے وکلا کے واٹس ایپ گروپس سے بھی ہٹا دیا گیا ہے، بیرسٹر گوہر نے بھی ہفتہ کی رات اس بات کی تصدیق کی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved