لندن احتجاج: وزیرداخلہ کے شہریت منسوخی کے بیان پر پی ٹی آئی کا سخت ردعمل

30  اکتوبر‬‮  2024

پاکستان تحریک انصاف نے لندن میں سابق چیف جسٹس کی گاڑی کے آگے احتجاج کرنے والے پاکستانیوں کے شناختی کارڈ بلاک کرنے کے بیان پر وفاقی وزیر داخلہ کو وائسرے کا خطاب دے دیا۔

پاکستان تحریک انصاف نے ‏وفاقی وزیرداخلہ کے اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے سےمضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ‏محسن نقوی کا بیان نہایت بیوقوفانہ حد تک مضحکہ خیز اور مینڈیٹ چور بندوبست کی ذہنیت کا عکاس ہے۔

پی ٹی آئی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ‏دوسرے روز دنیا کو بتاتے ہیں کہ ہم صرف ان پڑھ ہی نہیں پرلے درجے کے احمق اور جاہل بھی ہیں، ‏خود ساختہ وائسرائے صاحب قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف احتجاج کرنے والوں کی شہریت کی منسوخی سے پہلے کسی پڑھے لکھے وکیل سے قانون سے متعلق سیکھ لیں۔

انہوں نے کہا کہ ‏ظاہر ہے کہ پاکستان ان کے آبا و اجداد کی راجدھانی یا خاندانی جاگیر تو ہے نہیں کہ یہاں درباری اپنی زبانوں کے لمبائی کے مطابق بیان دیں، ‏شناختی کارڈ، پاسپورٹس یا شہریت کی منسوخی و اجرا کے فیصلے محسن نقوی کی صوابدی نہیں بلکہ یہ آئین و قانون کے مرہونِ منت ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ‏آئین و قانون کی گردن پر پیر رکھ کر مرضی کے فرمان جاری کرنے کے بیہودہ سلسلے نے دنیا میں پاکستان کا جمہوری اور آئینی تشخص بری طرح مجروح کیا ہے، ‏قاضی فائز عیسیٰ کے کرتوت تو قبر تک ان کا پیچھا کریں گے جبکہ تاریخ اُن کے محاسبے کو تیار ہے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ ‏محسن نقوی ”غنڈہ راج“ کے خیالی سیٹ سے اتریں اور دنیا کو اپنےجاہلانہ جلال دکھانے کی بجائے تھوڑی سی تمیز اور قانون کے احترام کی اداکاری کی ہلکی سی کوشش ہی کرلیں، ‏کسی سے کوئی غلطی یا جرم سرزد ہوا ہے تو خود قاضی کی پتلون پہن کر اچھلنے کی بجائے عدالت کو فیصلے کا موقع دیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved