9 مئی کے پرتشدد واقعات: پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت 30 ملزمان بری

30  اکتوبر‬‮  2024

پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کے احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں سمیت 30 ملزمان کو بری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا اور ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا۔

عدالت کی جانب سے بری کیے جانے والوں میں پی ٹی آئی کی رہنما و صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا، ارباب شیر علی اور عرفان سلیم سمیت دیگر کارکنان اور شہری شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کے احتجاج اور توڑ پھوڑ کا مقدمہ پشاور کے خان رازق شہید تھانہ میں درج کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ 9 مئی 2023 کو القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جبکہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved