حکام نے پاسپورٹ بنوانے کے لیے شناختی کارڈ پر درج شہر کی شرط ختم کردی اور پاسپورٹ رولز میں ترمیم کے بعد علاقائی دفاتر کو مراسلہ بھیج دیا گیا جس کے بعد اب کوئی بھی شہری کسی بھی شہر سے پاسپورٹ بنوا سکے گا۔
ڈی جی امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق پاسپورٹ رولز 2021 کی شق 6 میں ترمیم کر دی گئی ہے، رولز میں ترمیم کے بعد شناختی کارڈ پر درج ضلع سے پاسپورٹ بنوانے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔
ڈی جی امیگریشن پاسپورٹس نے تمام علاقائی دفاتر کو ارسال کردہ مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ تمام علاقائی دفاتر ترمیم کردہ رولز کے تحت شہریوں کو پاسپورٹ کا اجرا یقینی بنائیں، کسی شہری کو پتے یا ضلع کی حد کی بنیاد پر پاسپورٹ کے اجرا سے نہ روکا جائے۔
یاد رہے کہ محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے پاسپورٹ کے بیک لاگ جیسے مسائل سے چھٹکارا پارنے کے لیے پاسپورٹ پرنٹ کرنے والی مزید نئی مشینیں بھی منگوا لی ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ نئی مشینیں فعال ہونے سے پاسپورٹ پرنٹنگ کا عمل تیز ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے مئی میں پاسپورٹ کے بیک لاگ جیسے مسائل سے چھٹکارا پانے کے لیے پاسپورٹ پرنٹ کرنے والی نئی مزید مشینیں منگوانے کا فیصلہ کیا تھا اور محکمے نے اس سلسلے میں ریکویزیشن وزارت داخلہ کو ارسال کردی تھی۔
پاسپورٹ حکام کا کہنا تھا کہ نئی مشینیں بیرون ملک سے منگوائی جائیں گی جو ایک گھنٹے میں ایک ہزار پاسپورٹ پرنٹ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں، نئی مشینوں میں 6 ڈیسک ٹاپ اور 2 ای پاسپورٹ مشینیں بھی شامل ہیں۔
اس سامنے آنے والی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر میں گزشتہ ایک سال سے پاسپورٹس کا اجرا تاخیر کا شکار ہے اور ایک اندازے کے مطابق تقریباً 8 لاکھ پاسپورٹس زیر التوا ہیں۔