صوابی جلسہ: اب آزادی کے بغیر واپس نہیں لوٹیں گے، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

6  ‬‮نومبر‬‮  2024

خیبرپختونخوا (کے پی) کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوابی جلسے میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی رہائی کے لیے قرارداد منظور کے بعد آخری احتجاج کریں گے اور آزادی کے بغیر واپس نہیں لوٹیں گے۔

پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے جلسے کے حوالے سے کہا 9 نومبرکو  صوابی موٹروے ایکسچینج پر جلسہ ہوگا اور اس میں بنیادی طور پر ہم ایک قرارداد پیش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس قرارداد میں بتایا جائے گا کہ جوکچھ ہمارے ساتھ ہوا، موجودہ حالات اور عمران خان کو بے گناہ قید میں رکھا گیا ہے اور انہیں رہا نہیں کیا جا رہا ہے اور ان کے ساتھ جو رویہ اختیار کیا گیا، ان سے پارٹی کی ملاقاتیں بند کردی گئی ہیں، ہمارے لوگوں کو اغوا کیا جا رہا ہے، ہمارے لوگ غائب ہو رہے ہیں، یہ فسطائیت ڈھائی سال سے جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بطور سیاسی جماعت ایک پرامن تحریک چلا رہے ہیں لیکن ہمیں اس کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے، اب ہماری یہ فائنل کال ہوگی، ایک قرارداد منظور کی جائے گی جو بحیثیت صوبہ مشترکہ طور پر پیش کی جائے گی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ اس قرارداد کے بعد کارکنوں کو بتایا جائے گا کہ کیا کرنا ہے، پھر جب عمران خان کال دیں گے تو وہ آخری کال ہوگی، اس کے بعد ہمیں حق نہیں ملتا، یہ ہمارے خلاف ظلم ہوا، ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا، عمران خان کو قید میں بے گناہ رکھا ہوا ہے اور جب تک وہ رہا نہیں ہوتے تب تک ہم میں سے کوئی واپس نہیں آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس جلسے میں پورے پاکستان سے لوگ آئیں گے لیکن میزبان کی حیثیت سے ہماری ذمہ داری ہے، وہاں اگلے لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔

احتجاج کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اگلی جو بھی تاریخ آئے گی اور اس دفعہ ہم جب نکلیں گے تو سب کو پیغام دینا ہے، اس دفعہ ہم باہر نکلیں گے تو وہی بندہ آئے جو گھروں میں بتا کر آئے، گھروالوں کو یہ نہیں پوچھنا ہوگا کہ گھر واپس کب آؤگے کیونکہ واپسی کوئی نہیں ہے، آزادی کے بغیر واپسی نہیں ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved