خیبر پختونخوا حکومت کے مذاکرات کامیاب، مطالبات تسلیم کئے جانے پر اساتذہ کا دھرنا ختم

9  ‬‮نومبر‬‮  2024

مذاکرات کامیاب اور مطالبات تسلیم ہونے کے بعد خیبرپختونخوا کے پرائمری اساتذہ کا دھرنا ختم، اپ گریڈیشن کے معاملے پر صوبائی حکومت نے رضامندی ظاہر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت اور اساتذہ کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ مطالبات تسلیم کیے جانے کے بعد اساتذہ آج دھرنا ختم کرنے کا اعلان کریں گے۔ فریقین کے درمیان مذاکرات کے مندرجات کے مطابق پرائمری استاد کی بھرتی کا سکیل 12 سے 14، پرائمری ہیڈ ٹیچر کا سکیل 15 سے 16 کر دیا جائے گا۔
ٹیچرز تنظیموں اور صوبائی حکومت کے مابین طے پا جانے والے معاملات میں یہ بھی طے پایا کہ سکیل 14 میں پرائمری ٹیچر کی بھرتی کیلئے تعلیمی قابلیت بی ایس یا بی اے، بی ایس سی ہو گی۔ رکن قومی اسمبلی ارباب شیر علی آج پرائمری اساتذہ کے دھرنے میں مذاکرات کی کامیابی کا اعلان کریں گے۔

حکومت اور پرائمری اساتذہ کے مابین کامیاب مذاکرات کے ساتھ ہی پرائمری اساتذہ آج دھرنا ختم کرنے اور پیر سے سکولز کھولنے کا اعلان کریں گے۔ سیکرٹری تعلیم کے مطابق اساتذہ کی اپ گریڈیشن پر 11 ارب روپے کے اضافی اخراجات آئیں گے۔ فنانس ڈپارٹمنٹ کے مطابق اس سے قبل 34 ارب روپے کا تخمینہ پنشن سمیت لگایا گیا تھا۔

آج دھرنا ختم کرنے کے بعد اگلے ہفتے ارباب شیر علی اپ گریڈیشن پر صوبائی حکومت کے ساتھ حتمی مذاکرات کریں گے۔ سیکرٹری تعلیم کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں 13 ہزار اساتذہ کی مستقلی کا اعلامیہ جلد جاری کر دے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 7 اضلاع میں 3 ہزار پرائمری ہیڈ ٹیچرز کی پروموشن کر دی جائے گی۔ سی پی فنڈ کو پنشن میں تبدیل کرنے کے لیے کابینہ سے منظوری لی جائے گی اور جبری ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے پرائمزی سکول ٹیچرز اپنے مطالبات کے حق مٰں‌احتجاج پر تھے، اس دوران سکول بھی بند کئے گئے تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved