چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت کی عدم شرکت، پاکستان کا کسی اور ٹیم کو مدعو کرنے پر غور

11  ‬‮نومبر‬‮  2024

آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 میں بھارت کی عدم شرکت پر وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو کسی دوسری ٹیم کو مدعو کرنے کی تجویز دی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام نے حکومتی ایڈوائس پر قانونی مشاورت مکمل کرلی جس کے بعد پی سی بی نے آئی سی سی کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت نے پی سی بی کو پیغام دیا ہے کہ بھارت کے انکار کی صورت میں سری لنکا یا ویسٹ انڈیز کو بلانے کے لیے کام کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پی سی بی کو بھارت کے متعلق پالیسی پر گائیڈ لائنز سے آگاہ کر دیا ہے جس کی روشنی میں آئی سی سی سے بھارتی انکار کی وضاحت مانگی جائے گی۔

آئی سی سی نے پی سی بی کے نام ای میل میں بھارتی ٹیم کے انکار پر مؤقف اختیار کیا تھا کہ بی سی سی آئی نے زبانی طورپر آگاہ کیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان بھارت ٹاکرا پاکستان کے بغیر نہیں ہوسکتا ہے، بھارت کے ساتھ پاکستان کی بھی اتنی ہی اہمیت ہے۔

حکومتی حکام نے پی سی بی کو ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے پر دوسرے بورڈز کو بھی اعتماد میں لیا جائے کہ پاکستان نے ہمیشہ مثبت رویہ اور طرز عمل اپنایا ہے لہٰذا اب بھارت کے پاس اخلاقی اور قانونی طور پر پاکستان نہ آکر کھیلنے کی گنجائش نہیں رہتی۔

واضح رہے کہ 1996 میں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز نے سری لنکا میں کھیلنے سے انکار کیا تھا جبکہ 2003 میں نیوزی لینڈ نے کینیا اور انگلینڈ نے زمبابوے میں کھیلنے سے انکار کیا تھا۔ آئی سی سی نے انکار کرنے والی ٹیموں کے میچز میں حریف ٹیموں کو پوائنٹس دے دیے تھے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved