پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے آخری سانس کھڑے رہنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک خان ہمارے پاس نہیں آجاتے ہم نے اس مارچ کو ختم نہیں کرنا۔
پی ٹی آئی کے اسلام آباد کی جانب مارچ کے دوران مرکزی ٹرک سے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بشریٰ بی بی نے کہا کہ میرے بچو اور میرے بھائیو! جب تک خان ہمارے پاس نہیں آجائیں گے، ہم نے اس مارچ کو ختم نہیں کرنا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی آخری سانس تک کھڑی رہوں گی، آپ لوگوں نے میرا ساتھ دینا ہے، جو نہیں دےگا، تب بھی میں کھڑی رہوں گی، کیونکہ یہ صرف میرے میاں کی بات نہیں ہے، یہ اس ملک اور اس ملک کے لیڈر کی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے امید نہیں، مجھے یقین ہے کہ پٹھان غیرت مند قوم ہے اور آخری جنگ تک وہ ساتھ نہیں چھوڑتی، بشریٰ بی بی نے اپنے خطاب کے اختتام پر ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ بھی لگایا۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی فائنل احتجاج کا قافلہ اسلام آباد کی حدود میں داخل ہو گیا ہے۔