اسلام آباد میں شہید رینجرز اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم اور آرمی چیف کی شرکت

26  ‬‮نومبر‬‮  2024

اسلام آباد میں گزشتہ رات شرپسندوں کی جانب سے گاڑی چڑھانے کے نتیجے میں شہید رینجرز اہلکاروں کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن میں ادا کردی گئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شہدا کی نماز جنازہ میں وزیراعظم شہبازشریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر حکام نے شرکت کی، وزیراعظم اور آرمی چیف نے شہدا کے جنازوں کو کاندھا بھی دیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان خونریزی،افراتفری کا متحمل نہیں ہوسکتا، پرتشددکارروائیاں ناقابل قبول اور انتہائی قابل مذمت ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پرتشددکارروائیوں پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحمل کا مظاہرہ کیا،پوری قوم رینجرز اور پولیس کے شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتی ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں گزشتہ رات سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی جس کے نتیجے میں 4 رینجرز اہلکار شہید اور 5 زخمی ہوگئے تھے، وفاقی دارالحکومت میں پاک فوج کو طلب کرلیا گیا اور شرپسندوں کو دیکھتے ہی گولی مارنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شرپسندوں کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں 6 اہلکار شہید ہوئے جن میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر شرپسندوں نے ڈیوٹی پر موجود رینجرز اہلکاروں پر گاڑی چڑھا دی۔

حادثے کے نتیجے میں 4 رینجرز اور ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، مجموعی طور پر اب تک 100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہو چکے ہیں جن میں متعدد شدید زخمی ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved