جنوبی کوریا میں مارشل لاء کے نفاذ کے بعد عوامی ردعمل کے باعث وزیر دفاع کم یونگ ہیون اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
خلیجی جریدے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر کی جانب سے استعفے کی منظوری کے بعد نئے وزیر دفاع کی تقرری بھی کر دی گئی ہے، چوئی بیونگ ہیوک جنوبی کوریا کے نئے وزیر دفاع ہوں گے۔
جنوبی کوریا میں مختصر مارشل لاء کے نفاذ کے بعد سیاسی بحران جنم لے رہا ہے، اور وزیر دفاع کا استعفیٰ اس سلسلے کی پہلی کڑی ہے۔
دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے پارلیمنٹ میں صدر کے خلاف مواخذے کی تحریک بھی جمع کرا رکھی ہے۔
جنوبی کوریا میں حالیہ بحران روس اور شمالی کوریا کے درمیان دفاعی معاہدے کے نافذالعمل ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔
اس دفاعی معاہدے پر دونوں ممالک کے صدور نے رواں برس جون میں دستخط کئے تھے اور یہ معاہدہ رواں ہفتے بدھ کو نافذالعمل ہوا تھا۔
جنوبی کوریا کے صدر کا کہنا ہے کہ چوئی بیونگ ہیوک اس وقت وزیر دفاع کیلئے بہترین انتخاب ہیں کیونکہ وہ ہماری فوج سے 4 اسٹار جنرل کے طور پر ریٹائرڈ ہوئے ہیں اور انہوں نے امریکہ اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فورسز کی ایک سال کمانڈ بھی کی ہے۔