افغان وزیر برائے مہاجرین بدھ کو دارالحکومت کابل میں وزارت کے دفاتر میں ہونے والے ایک دھماکے میں ہلاک ہو گئے۔
ایک سرکاری اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا، بدقسمتی سے مہاجرین کی وزارت میں ایک دھماکا ہوا اور وزیر خلیل الرحمان حقانی اپنے کچھ ساتھیوں سمیت شہید ہو گئے۔
خلیل الرحمان حقانی افغان طالبان کے حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بھائی اور طالبان کے موجودہ وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کے چچا بھی تھے۔
حقانی نیٹ ورک کو طالبان کی افغانستان میں دو دہائیوں کی شورش کے دوران امریکی اور افغان فورسز پر بعض انتہائی پرتشدد حملوں کا ذمہ دار سمجھا جاتا ہے۔ 2021ء میں، جب سے طالبان نے افغانستان میں اقتدار سنبھالا ہے، امریکہ اور نیٹو کی قیادت میں غیر ملکی افواج کے خلاف اپنی جنگ ختم کرنے کے بعد سے افغانستان میں تشدد میں کمی آئی ہے۔
تاہم دہشت گروہ داعش کی علاقائی شاخ، جسے داعش خراسان کے نام سے جانا جاتا ہے، افغانستان میں سرگرم ہے اور وہ باقاعدگی سے شہریوں، غیر ملکیوں اور طالبان اہلکاروں کو جان لیوا حملوں کا نشانہ بناتی رہتی ہے۔