وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ رواں برس اپریل میں ہونے والے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے ہوں گے۔
آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پہلے الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے متعلق بدگمانیاں اور خدشات پائے جاتےتھے مگر اب ای وی ایم اگلے مرحلے میں داخل ہوچکی ہیں، اب ای وی ایم کا استعمال ایک حقیقت بننے جارہا ہے، اور اس سلسلے میں چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر اراکین سے ملاقاتیں بھی ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اب تک کسی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو ٹیسٹ نہیں کر سکے ہیں، اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ای وی ایم کی ٹیسٹنگ کیلئےاچھا موقع ہے ۔ہم کوشش کریں گے کہ اگلے ہفتے تک کچھ مشینیں الیکشن کمیشن کو مہیا کر دی جائیں، تاکہ وہ ان مشینوں کا جائزہ لے سکیں، اور حکومت الیکشن کمیشن کے عملے کو آئندہ ہفتے مشینوں کے استعمال کی تربیت بھی دے گی۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ای وی ایم کیلئے اب قانون سازی ہو چکی ہے، اپوزیشن جماعتوں کو چاہیے کہ وہ بھی ای وی ایم سے متعلق اپنی رائے دیں، اور تعاون بھی کریں۔ اگر اپوزیشن کو تحفظات ہیں تو ان کے تحفظات اور خدشات دور کرنے کیلئے حکومت تیار ہے۔
اپوزیشن ای وی ایم کے استعمال سے خوفزدہ ہے
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ ایسے محسوس ہوتا ہے کہ اپوزیشن انتخابات میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے خوفزہ ہے، شاید اپوزیشن کو دھاندلی نہ ہونے کا خوف ہے، اگر ایسا نہیں ہے اور اپوزیشن بھی شفاف انتخابات کیلئے سنجیدہ ہے تو ای وی ایم سے متعلق اپنے خدشات حقائق کی بنیاد پر ہمارے سامنے رکھے، ہم ان کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد انتخابات کے عمل کو بہتر اور شفاف کرنا ہے، وزیر اعظم عمران خان کی یہ دیرینہ خواہش تھی کہ الیکشن کا نظام شفاف ہو، انتخابات کا ایسا نظام وضع کیا جائے جس میں ہارنے والا دھاندلی کا رونا نہ رو سکے بلکہ نتائج کو کھلے دل کے ساتھ تسلیم کرے۔
اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات میں ای وی ایم کا استعمال ضرور ہو گا۔۔۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز کی نیوز کانفرنس pic.twitter.com/7U2LcZnqMH
— PTV News (@PTVNewsOfficial) January 10, 2022
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ حکومت، الیکشن کمیشن کو مالی، انتظامی، دیگر تمام ضروری ذرائع اور وسائل مہیا کرے گی، وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کسی بھی متعلقہ محکمے سے اس سلسلے میں مدد بھی طلب کر سکتا ہے، اب شفاف انتخابات کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک مقدس امانت ہے، جمہوری نظام میں ہر شخص کے ووٹ کی اہمیت ہے، کسی ایک شخص کا بھی ووٹ ضائع ہونا بدقسمتی ہے، گزشتہ انتخابات میں مسترد ووٹوں کی تعداد کامیاب امیدواروں کے حاصل ووٹوں کے تناسب سے زیادہ تھی، حکومت لوگوں کے ووٹ کے تحفظ کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔
پنجاب کے بلدیاتی انتخابات بھی ای وی ایم سے ہوں گے
اس موقع پر وفاقی وزیر شبلی فراز نے کہا کہ پنجاب میں آئندہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی ای وی ایم کو استعمال کیا جائے جبکہ ملک میں عام انتخابات میں استعمال کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی خریداری کیلئے ٹینڈرز طلب کئے جائیں گے۔