معروف لوک گلوکار نے عمران خان کے دوسری بار وزیراعظم بننے کے متعلق اہم پیشگوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی نے نعمان اعجاز کے ٹی وی شو جی سرکار میں شرکت کی ، جہاں انہوں نے اپنے ماضی اور حال کے متعلق کھل کر گفتگو کی۔
پاکستان کی سیاست کے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان میں تبدیلی ضرور آئے گی، ابھی عمران خان کو صرف تین سال ہوئے ہیں اور اتنی کم مدت میں تو کوئی درخت بھی پھل نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ عمران خان کو ابھی مزید وقت دینا چاہیے۔
عمران خان کے دوبارہ وزیراعظم بننے کے سوال پر ان کا کہنا تھا میرا ایمان ہے کہ عمران خان دوسری مدت کیلئے بھی وزیراعظم منتخب ہوں گے،کیونکہ وہ اچھے اور ایماندار شخص ہیں۔
عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی نے عمران خان کے ساتھ اختلافات کی افواہوں کو بھی مسترد کیا اور کہا وہ انہیں اپنا دل دے چکے ہیں، ایسی خبریں صرف افواہیں ہیں۔
عطاءاللہ عیسیٰ خیلوی نے اپنے متعلق بتایا کہ وہ اب لاہور چھوڑ کر اپنے آبائی شہر میاں والی منتقل ہو گئے ہیں، کیوں کہ بڑا شہر ہونے کی وجہ سے لاہور میں کورونا اور ڈینگی جیسے امراض پھیل رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وہ میانوالی میں اپنا زیادہ وقت دریائے سندھ کے کنارے گزارتے ہیں، جہاں ان کی جوانی دوبارہ زیرو میٹر ہوجاتی ہے، اوراس سے انہیں سکون و فرحت محسوس ہوتی ہے۔