امریکی دباؤ مسترد، وزیراعظم عمران خان کا بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا فیصلہ

13  جنوری‬‮  2022

وزیراعظم عمران خان نے آئندہ ماہ منعقد ہونے والی بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریبات میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

آج دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ  پاکستان، چین کے ساتھ ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان چینی قیادت کی دعوت پر سرمائی اولمپکس گیمز بیجنگ 2022ء کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے اگلے ماہ کی 3 تاریخ سے چین کا تین روزہ دورہ کریں گے۔ عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان دورے کے دوران پاک چین سٹرٹیجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے چین کی قیادت سے بھی بات چیت کریں گے، اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی کیلئے اقوام متحدہ کے 2030ء کے ایجنڈے پر عملدرآمد کو آسان بنانے کیلئے چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے پیش کئے جانے والے عالمی ترقیاتی اقدام کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دنیا کو درپیش  کورونا، اقتصادی بحران اور موسمیاتی تبدیلی جیسے بڑے چیلنجز پر قابو پانے کیلئے درکار بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ ترجمان نے کہا کہ گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کورونا کی صورتحال کے بعد کی معاشی بحالی کے ساتھ ساتھ طویل مدتی پائیدار ترقی کیلئے ترقی پذیر ممالک کے ساتھ تعاون کی نئی راہیں کھولے گا، مزید بتایا کہ  پاکستان اور چین مضبوط ترقیاتی شراکت دار ہیں، ہم چین کے عالمی ترقیاتی اقدام کے تحت اس شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہتےہیں۔

واضح رہے کہ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سمیت دیگر مغربی ممالک بیجنگ سرمائی اولمپکس کا سفارتی بائیکاٹ کر چکے ہیں، اور امریکہ کی جمہوریت کانفرنس کی طرح توقع یہی کی جا رہی تھی کہ حکومت پاکستان کا کوئی وفد اس میں شرکت نہیں کرے گا، لیکن وزیراعظم عمران خان نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کے باوجود تمام تر دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے بیجنگ سرمائی اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved