کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی مثبت شرح 35 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے، سندھ حکومت نے شہر قائد میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر اہم فیصلے کرلئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت کرونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، اجلاس میں محکمہ صحت اور ماہرین کرونا کی موجودہ صورتحال سے متعلق وزیراعلیٰ کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ میں اسکول کھلے رہیں گے اور صوبے میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
ٹاسک فورس کے اجلاس میں صوبے بھر کے تمام نجی و سرکاری اسپتالوں کا سروے کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔تمام شادی ہالز، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دے دیا گیا ہے، انتظامیہ کو ویکسی نیشن کارڈ کا ریکارڈ چیک کرنا لازمی ہوگا۔
سندھ ٹاسک فورس کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو سرکاری افسران فیس ماسک کے استعمال کو یقینی نہیں بنائیں گے ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا، اجلاس میں تجویز دی گئی کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسران کی ایک دن کی تنخواہ کاٹی جائے۔
دوسری جانب وفاقی حکام کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز 8063 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2846 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 35.30 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 35 فیصد سے تجاوز، سندھ حکومت کا اسکولوں سے متعلق اہم اعلان
15
جنوری 2022