آزاد کشمیراور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز رپورٹ ہونے کے بعد تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آبادکے تعلیمی اداروں میں کورونا کے مثبت کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے،گزشتہ تین دن کے اندر 10 سرکاری تعلیمی اداروں میں کورونا کے 28 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں ۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زعیم ضیاء کی طرف سے ضلعی انتظامیہ کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ایک روز میں 8 تعلیمی اداروں میں کورونا کے 22 کیس رپورٹ ہوئے ہیں، جن تعلیمی اداروں میں کورونا کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ان کو فوری طور پر آئندہ احکامات تک بند رکھا جائے ۔
دوسری جانب آزاد کشمیر کے شہر میرپور کے تعلیمی اداروں میں کرونا وائرس کے مثبت کیسز رپورٹ ہونے کے بعد سات تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں۔
سات تعلیمی اداروں کو آئندہ دس روز کے لیے بند کرنے کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر میر پور ڈاکٹر عمر اعظم کے مطابق جن تعلیمی اداروں میں کرونا مثبت کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ان میں چھ تعلیمی ادارے سرکاری ہیں۔
کرونا کیسز کی تصدیق،آزاد کشمیر اور اسلام آباد کے تعلیمی ادارے بند
18
جنوری 2022