بھارت کے سابق فرسٹ کلاس کرکٹر راج پال ستیش نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں آئی پی ایل کا میچ فکس کرنے کے لئے 40 لاکھ کی پیشکش ہوئی تھی۔
راج پال ستیش نے کہا کہ انہیں یہ آفر ان کے انسٹا گرام پر دی گئی تھی، راج پال نے کہا میرے علاوہ دو کھلاڑیوں نے یہ آفر قبول کر لی تھیں۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ یہ آفر کس نے کی اور آفر قبول کرنے والے کھلاڑیوں کے نام کیا ہیں۔
راج پال ستیش کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس آفر سے متعلق سب سے پہلے بی سی سی آئی کو آگاہ کیا اور آئی سی سی کو بھی اطلاع دی۔راج پال ستیش کا کہنا ہے کہ انہوں نے احتیاط کے طور پر پولیس کو بھی آگاہ کیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے ایک اسپیشل ٹیم کو اس آفر کے متعلق بتایا گیا ہے جو تفتیش کر رہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر یہ آفر بنی آنند نامی شخص نے یہ آفر کھلاڑیوں کو دی تھی ، پولیس کو شک ہے کہ ملزم کا تعلق بنگلور سے ہے۔
کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچانے والے راج پال ستیش کنگز الیون پنجاب اور کولکتہ نائٹ رائڈرس کی آئی پی ایل میں نمائندگی کر چکے ہیں۔سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ستیش رانجی ٹرافی بھی کھیل چکے ہیں اور ہندوستان کرکٹ میں ان کے بیان نے سنسنی پھیلا دی ہے۔تامل ناڈو کی اسٹیٹ ٹیم کے ممبر رہنے والے ستیش متنازعہ انڈین کرکٹ لیگ بھی کھیل چکے ہیں، 41 سالہ کھلاڑی کو بی سی سی آئی کی منظوری کے بعد انڈین کرکٹ میں شامل کیا گیا تھا۔بعض مبصرین کا کہنا ہے ستیش تامل ناڈو کی پریمئیر لیگ میں چپپاک سپر لیگ سے کھیلتے ہیں اور انہیں یہ آفر بھی اسی ٹورنامنٹ کے دوران کی گئی تھی۔