پاکستان ٹی وی کے معروف اداکار علی عباس نے حالیہ انٹرویو میں بتایا ہے کہ انہیں اداکارہ ماہرہ خان کی وجہ سے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ گالیاں پڑی تھیں۔
ویب ٹی وی کے ساتھ حالیہ انٹرویو میں میزبان نے جب علی عباس سے سوال کیا کہ کہ کیا آپ کی زندگی میں کبھی کوئی ایسا وقت آیا جب آپ کو سوشل میڈیا پر ٹرول کیا گیا ہو، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ بالکل انہیں ماہرہ خان کی وجہ سے گالیاں پڑی تھیں۔
علی عباس نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کی دوپٹے کے بغیر ایک تصویر آئی تھی، جس پر سوشل میڈیا صارفین نامناسب لباس کی وجہ سے تنقید کر رہے تھے، حالانکہ ماہرہ خان نے پورے کپڑے پہنے ہوئے تھے، ان کا لباس بالکل بھی غیر مناسب نہیں تھا، جس کی وجہ سے ان پر تنقید جائز بنتی، لیکن اس کے باوجودبھی لوگ ان پر بہت زیادہ تنقید کررہے تھے اور سوشل میڈیا پر بہت زیادہ شور مچا ہوا تھا کہ ماہرہ خان ڈوپٹے کے بغیر کیوں سامنے آگئیں۔
علی عباس نے مزید بتایا کہ میں نے ان کی تصویر پر تبصرہ کیا کہ اگر ماہرہ نے دوپٹہ نہیں پہنا، تو تم دیکھنا بند کردو۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس تبصرے کی وجہ سے لوگوں نے بہت گالیاں دی تھیں، سوشل میڈیا صارفین نے اس قدر غیر اخلاقی زبان استعمال کی کہ میں پڑھ بھی نہیں سکا اور یہ میرے ساتھ زندگی میں پہلی بار ہوا تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس ماہرہ خان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ اسرائیل کے فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف ریلی میں شریک ہوئی تھیں اور انہوں نے ڈوپٹہ نہیں پہنا ہوا تھا جس کی وجہ سے انہیں سوشل میڈیا پر بہت خاصی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔