اسلام آباد کی ضلع کچہری میں 15 ججز اور عدالتوں کے 58 اہلکاراورہائیکورٹ کےجسٹس طارق محمود جہانگیری سمیت دو عدالتی اہلکار بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی ضلع کچہری میں 15 ججز کے علاوہ دیگر 58 عدالتی اہلکار کے کورونا کا شکار ہوجانے کے بعد عدالتیں آج کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتوں میں ڈس انفیکشن اسپرے کرایا جائے گا۔
ضلع کچہری ویسٹ کورٹس میں 10 ججز 29 اہلکار کا کورونا مثبت آیا ، جبکہ ایسٹ کورٹس میں 5 ججز 29 اہلکار کورونا کا شکارہوئے ہیں۔جسٹس طارق محمود جہانگیری کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ان کی کورٹ میں کیسز کی کاز لسٹ منسوخ کر دی گئی ہے اور جسٹس طارق قرنطینہ میں چلے گئے ہیں۔یاد رہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی اور حیدرآباد میں انڈور تقریبات پر 15 فروری تک پابندی عائدکی گئی ہے جب کہ آؤٹ ڈور تقریبات میں ویکسی نیٹڈ 300 افراد کو شرکت کی اجازت ہو گی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی نئی کورونا پاپندیوں کا اطلاق کر دیا گیا ہے جس کے تحت انڈور ڈائننگ، انڈور شادی اور دیگر تقریبات پر 24 جنوری سے 15 فروری تک پابندی ہوگی۔