سابق مس یونیورس لارادتہ نے بالی وڈ سے کنارہ کشی کی وجہ بتا دی

25  جنوری‬‮  2022

سابق مس ورلڈ اور بالی وڈ کی معروف اداکارہ لارادتہ نے بالی وڈ سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی وجہ بتا دی ہے۔

بھارتی میڈیا کے ساتھ انٹرویو میں لارادتہ نے بتایا کہ میں فلموں میں ہیرو کی بیوی اور گرل فرینڈ کا کردار ادا کرکے انتہائی بور ہو گئی تھی، اس کے علاوہ کوئی تخلیقی اور الگ رول بھی نہیں تھا جو کیا جا سکتا، اس لئے میں نے فلموں سے بریک لینا مناسب سمجھا۔

43 سالہ لارادتہ کا کہنا تھا کہ بالی وڈ سے فاصلہ اختیار کرنے کی ایک اور وجہ یہ بھی تھی کہ میری خواہش تھی کہ میں اپنی بیٹی سارہ کو زیادہ سے زیادہ وقت دے سکوں۔

لارادتہ کا کہنا تھا کہ جب میری عمر 30 سال سے بڑھی تو مجھے گرل فرینڈ اور بیوی کے کرداروں نے انتہائی بور کر دیا، اور ڈیمانڈ بھی گلیمر کی تھی، میں اس لئے یہ سفر جاری نہیں رکھ سکی۔

واضح رہے کہ لارادتہ نے 2011ء میں مہیش بھوپتی سے شادی کرلی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ رواں مہینے ایک اور  انٹرویو میں لارادتہ کا کہنا تھا کہ بالی وڈ انڈسٹری میرے سمیت  میری عمر کی دوسری اداکاراؤں کیلئے بالکل بھی مہربان نہیں ہے، لوگ میرے سمیت رانی، مادھوری اور کاجل جیسی قابل اداکاراؤں کے بارے میں کوئی لحاظ کئے بغیرکہہ دیتے ہیں کہ یہ بوڑھی لگنے لگی ہیں، ہمیں بالی وڈ کی اہم شخصیات کی طرف سے بھی مشورے دئیے جاتے ہیں کہ اپنی عمر کے حساب کے کردار کا انتخاب کریں، ہمیں موٹی ہونے کے طعنے دئیے جاتے ہیں جوکہ انتہائی غلط بات ہے، کیونکہ ہر انسان کی طرح اداکاراؤں کی عمر بھی آخر کار بڑھنی ہوتی ہے، مزید کہا کہ  40 کا عشرہ میرے لئے بہترین ہے، کیونکہ میں اب لوگوں کی توقعات سے آزاد ہو گئی ہوں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved