معروف اداکار، مصنف، پروڈیوسر اور ہدایت کار شمعون عباسی نے کہا ہے کہ مہوش حیات کو تمغہ امتیاز اداکاری کی وجہ سے نہیں ملا۔
شمعون عباسی نے ویب ٹی وی کے شو میں اپنی حالیہ زندگی سمیت مختلف موضوعات پر کھل کر گفتگو کی ہے، جس میں انہوں نے سابق اہلیہ حمیمہ ملک اور جویریہ عباسی سمیت بہن انوشے عباسی اور بیٹی اداکارہ عنزیلہ عباسی سے متعلق بھی باتیں کیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ خلیل الرحمٰن قمر نے ان سے بھارتی پائلٹ ابھی نندن پر بنائی جانے والی ایک فلم میں کام کرنےکیلئے ان سے رابطہ کیا تھا مگر انہوں نے کام سے معذرت کرلی، وہ اس موضوع پر ایک مزاحیہ فلم بنانا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہمایوں سعید کو میں نے شوبز میں متعارف کرایا تھا، اب وہ بہت اوپر پہنچ گئے، انہیں اپنے ساتھی اداکاروں کی طرف نیچے بھی دیکھنا چاہیے۔
شمعون عباسی نے اداکارہ مہوش حیات کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اب شوبز میں اپنا بہترین مقام بنالیا ہے، لیکن انہیں مزید محنت کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مہوش حیات کو تمغہ امتیاز اداکاری کی وجہ سے نہیں بلکہ انکی شخصیت کی وجہ سے ملا، اسی لئے کہہ رہا ہوں کہ انہیں اداکاری پر مزید محنت کرنی چاہیے۔ شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ مہوش حیات کو ایوارڈز دینے کے بعد ان سے صحیح طرح سے کام نہیں کرایا جا رہا، انہیں پہلے سے بھی زیادہ کام کرنا چاہیے۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان نے اداکارہ مہوش حیات کو 2019ء میں تمغہ امتیاز سے نوازا تھا۔