ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ ،پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7وکٹوں سے شکست دے دی

18  اکتوبر‬‮  2021

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2021 کے وارم اپ میچ میں باؤلرز کی بہترین کارکردگی کے باعث ویسٹ انڈیز کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

دبئی میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں شاہینوں نے کالی آندھی کو چت کردیا۔ ویسٹ انڈیز کے 131 رنز کے ہدف کو پاکستانی بلے بازوں نے صرف تین وکٹیں گنوا کر 16 ویں اوور میں بآسانی حاصل کرلیا۔ کپتان بابر اعظم 50 رنز اور فخر زمان 46 رنز بناکر نمایاں رہے۔

قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اننگز کا آغاز لینڈلی سمن اور فلیچر نے کیا تاہم اوپنرز خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور ون ڈاؤن آنے والے کرس گیل بھی صرف 20 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔قومی کرکٹ ٹیم کی شاندار بولنگ کے باعث صرف 63 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔

بعد میں آنے والے کھلاڑیوں میں صرف ہٹ مئیر اور کیرن پولارڈ کے درمیان شراکت قائم ہوئی جس کے باعث ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں صرف 130 رنز ہی بناسکی۔ شاہین آفریدی، حسن علی، حارث رؤف نے دو دو جبکہ عماد وسیم نے ایک وکٹ لی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہیڈن والش نے 2 جبکہ روی رامپال نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اگر ٹاس جیت جاتے تو بیٹنگ کرتے۔واضح رہے کہ ایونٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم اپنے دوسرے وارم اپ میچ میں 20 اکتوبر کو جنوبی افریقہ سے مدمقابل ہوگی۔ٹیم پاکستان مشن ٹی 20 کا آغاز 24 اکتوبر کو بھارت کے خلاف اپنے پہلے میچ سے کرے گی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved