پاکستان سپرلیگ کے ساتویں ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، جس کے بعدشائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئی ہیں۔
تقریب کے آغاز پر 1950ء کی دہائی سے لے کر 2022ء تک پاکستان کرکٹ کی 70سالہ تاریخ پر مختصر ڈاکومینٹری چلائی گئی۔ ڈاکومنٹری میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجا نے خود تفصیلات بیان کیں اور قومی ہیروز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
اس کے بعد نیشنل اسٹیڈیم روشنیوں سے جگمگا اٹھا جبکہ عالمی شہرت یافتہ پیراشوٹ ایتھلیٹس فلورینٹ ڈریگیئر، پال اشٹائنر اور اسٹیفن میولر نےاپنے بہترین فن کا مظاہرہ کیا۔ پیراگلائیڈرز نے 5 ہزار فٹ کی بلندی سے ڈائیو لگائی تو تماشائیوں نے تالیاں بجا کر خود داد دی۔ پیراگلائیڈرز شہرقائدکی فضاؤں میں ڈائیو لگا کر اسٹیڈیم میں اترے۔
عاطف اسلم اور آئمہ بیگ کی پرفارمنس نے تقریب کو مزید رونق بخشی، انہوں نے پی ایس ایل 7 کے آفیشل ترانے پر پرفارم کیا۔
تقریب میں وزیراعظم عمران خان کا ویڈیو پیغام اسکرین پر دکھایا گیا جس میں انہوں نے پی ایس ایل 7 کا باقاعدہ آغاز کیا۔
آج ایونٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق یہ میچ آج رات 8 بجے شروع ہو گا۔