طالبان کا پولیو مہم کی اجازت دینے کا اعلان

18  اکتوبر‬‮  2021

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ افغانستان بھر میں پولیو ویکسینیشن مہم اگلے ماہ سے شروع ہوگی۔ طالبان قیادت کی جانب سے پولیو مہم کی بحالی کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان نے پاکستان کو انسداد پولیو مہم چلانے بارے آگاہ کر دیا۔ افغانستان میں پہلی قومی انسداد پولیو مہم 8 نومبر سے شروع ہو گی۔ موجودہ افغان حکومت کی جانب سے منعقدہ پہلی انسداد پولیو مہم ہوگی۔افغانستان میں اگلے ماہ 5 سال سے کم عمر 9.9 ملین بچوں کو پولیو ویکسین پلائی جائےگی، پولیو مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی دی جائےگی۔
اقوام متحدہ کے بیان کہا گیا ہے کہ طالبان قیادت کیساتھ بات چیت میں فوری طور پر خسرہ اور کورونا ویکسینیشن شروع کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق ہوا ہے۔طالبان قیادت نے ہیلتھ ورکرز کیلئے سکیورٹی فراہم کرنے اور فرنٹ لائن ورکرز میں خواتین ورکرز کی شمولیت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
افغان وزیر صحت نے پہلی انسداد پولیو مہم کی بھرپور تیاریوں کی ہدایت کی ہے۔ وزیر ڈاکٹر قلندر عباد کا کہنا ہے کہ انسداد پولیو مہم کی کامیابی کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے، شہری پولیو مہم کی کامیابی کیلئے حکومت کا بھرپور ساتھ دیں، شہری تعاون کے بغیر پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔
دوسری جانب ذرایع کا کہنا ہے کہ پاکستان اور افغانستان میں رواں سال ایک، ایک پولیو کیس سامنے آیا، پاکستان اور افغانستان ماضی میں بیک وقت انسداد پولیو مہم چلاتے رہے ہیں، پاک افغان قریبی رابطوں اور تعاون سے پولیو کیسز میں نمایاں کمی آئی، پاکستان اور افغانستان دنیا میں پولیو وائرس سے متاثرہ آخری دو ممالک ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved