انڈر 19 ورلڈکپ کے کوارٹر فائنل میچ میں افغانستان نے سری لنکا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے۔
سری لنکا نے ٹاس جیت کر افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، سری لنکا کا فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ اس وقت درست ثابت ہوا جب افغانستان کے 4 کھلاڑی 26 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے۔
افغانستان کے بیٹر اللہ نور اور عبدالہادی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو 73 رنز تک پہنچایا، بیٹر اللہ نور کے آؤٹ ہونے کے بعد ٹیم ایک بار پھر بھنور میں پھنس گئی۔
اللہ نور 25 اور عبدالہادی کے 37 رنز کے بعد ٹیل اینڈر نور احمد کے 30 رنز نے افغانستان کے اسکور کو تین ہندسوں تک پہنچایا، افغانستان کی پوری ٹیم 47.1 اوورز میں 134 رنز بنا سکی۔
افغانستان بیٹنگ لائن کی تباہی میں سری لنکن بالر وینوجا رانپل کا بڑا ہاتھ رہا انہوں نے صرف دس رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، ویلالاگے نے 36 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم کا آغاز بھی اچھا نہ تھا، افغانستان کی نپی تلی بالنگ نے سری لنکا کے سات کھلاڑیوں کو صرف 43 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس بھیج دیا۔
سری لنکا کے لئے 9 ویں وکٹ کی شراکت میں کپتان ویلا لاگے اور راوین ڈی سلوا کے مابین 69 رنز کی شراکت نے ٹیم کی امیدوں کو سہارا دیا اور لگ رہا تھا کہ میچ سری لنکا جیت جائے گا۔
مگر سری لکن کپتان کی 34 رنز کی اننگ کے 112 رنز کے مجموعی اسکور پر خاتمے کے بعد پوری ٹیم 46 اوورز میں 130 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اور افغانستان نے صرف 4 رنز سے میچ جیت کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔
افغانستان کی جانب سے بلالا سمیع نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔